اے کے ایچ ایس ایس جونیئر سیکشن دولومچ میں ینگ انوویٹرز نمائش کا کامیاب انعقاد
چترال ؛ دولومچ،آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول (اے کے ایچ ایس ایس) جونیئر سیکشن دولومچ میں ینگ انوویٹرز نمائش کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پہلی سے ساتویں جماعت کے طلباؤ طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، مہارتوں اور جدت پر مبنی پراجیکٹس پیش کیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز مختصر مگر پروقار افتتاحی تقریب میں پہلی جماعت کی طالبہ افرااللہ کی جانب سے قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کا ترجمہ سجاول آمان نے پیش کیا۔ اس کے بعد اہانہ سلطان نے خوبصورت انداز میں حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جب کہ لیاقت ابراہیم نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ اس کے بعد چھٹی جماعت کے طالب علم صارم رشید اور رجا محمود نے تقریب کے مقاصد کو مؤثر انداز میں بیان کیا۔فیتہ کاٹنے کی تقریب کے بعد معزز مہمانوں نے مختلف اسٹالز اور پروجیکٹس کا دورہ کیا، جہاں طلبہ نے اپنے سائنسی تجربات، آرٹ کے نمونے، تخلیقی ایجادات اور آئی سی ٹی پروجیکٹس پیش کیے۔ طلبہ نے اردو، انگریزی، ریاضی، سائنس، معاشرتی علوم، اسلامیات اور آئی سی ٹی جیسے مختلف مضامین میں اپنی مہارتوں اور علم کا مظاہرہ کیا۔
مہمانوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، خود اعتمادی اور پیش کش کے انداز کو سراہا۔ اسکول کی قیادت نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب اسکول کے مشن کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے، جو طلبہ میں جدت، تخلیقی سوچ
اور بہترین تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
تمام والدین اور مہمانو ں نے طلبہ اور اساتذہ کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ کو دریافت، تحقیق اور تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
اس تقریب میں 500 سے زائد افراد نے شرکت کی، جن میں طالب علمو ں کے والدین کے علاوہ اسکول ڈویلپمنٹ کے سینئر منیجر ذوالفقار علی، پی ڈی سی سی کے سربراہ اور سابق صدر ریجنل کونسل ڈاکٹر ریاض حسین، ریجنل کونسل لوئر چترال کے سابق صدر مسٹر محمد افضل، چترال ٹاؤن کے موجودہ صدر مسٹر شیر مراد، ہیومن ریسورس آفیسر محترمہ مہناز اور اسکول کے پرنسپل جناب طفیل نواز کے ساتھ آغا خان ایجوکیشن سروس کا ذیلی ادارہ AKU-EB سپورٹ یونٹ کے کریکولم سپورٹ اسپیشلٹ محمد نبی ، ظفر ولی شاہ ، شفیق الرّحمنٰ اور عطاحسین اطہر شامل تھے۔
اے کے ایچ ایس ایس جونیئر سیکشن دولومچ میں منعقدہ ینگ انوویٹرز نمائش نے اس بات کو ثابت کیا کہ ادارہ ہذا نونہالوں کی ہمہ جہت تربیت، اختراع اور تجرباتی تعلیم کو فروغ دینے کے مشن پر گامزن ہے۔
0 Comments